ریاض،4جولائی؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب کی فضائیہ نے پیر کی صبح یمنی اراضی سے مملکت کے شہر ابہا کی جانب داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو تباہ کر دیا۔ واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔بعد ازاں اتحادی افواج کے طیاروں نے میزائل کے لانچنگ پیڈ کو بمباری سے تباہ کر دیا۔ سعودی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں باور کرایا گیا ہے کہ ان نوعیت کی ہر کارروائی کو پسپا کر دیا جائے گا۔بیان کے مطابق میزائل داغنے کی حالیہ کوشش بھی حوثی اور معزول صدر صالح کی ملیشیاؤں کی جانب سے کی جانے والی اُن بے مقصد کارروائیوں کا حصہ ہے ، جو وہ یمن کے بحران کے سیاسی حل کے لیے جاری بین الاقوامی کوششوں کو ناکام بنانے کے واسطے کررہی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت سعودی عرب ، کویت میں جاری مشاورت کو کامیاب بنانے کے لیے عالمی برادری اور یمنی عوام کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کا احترام کرتی رہے گی۔ادھر اتوار کے روز سعودی عرب کے صوبے جازان کے مقابل یمنی علاقے میں سعودی توپوں کی گولہ باری کے بعد دونوں ملکوں کی سرحد پر نسبتاً خاموشی دیکھنے میں آئی۔ یہ گولہ باری ان بعض ملیشیاؤں کے ٹھکانوں پر کی گئی جنہوں نے سعودی عرب کے گنجان آباد سرحدی ضلعوں میں گرینیڈز داغنے کی کوشش کی تھی۔